کراچی میں 2 جولائی سے گرمی کا زور ٹوٹنے کا امکان

336

کراچی: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں 2 جولائی کو گرمی کا زور ٹوٹنے کا امکان ہے جس کے بعد موسم میں بہتری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی بحیرہ عرب میں بھارتی گجرات کے قریب ہوا کا کم دباؤ موجود ہے جس کے باعث دن کے اوقات میں کراچی میں سمندری ہوائیں نہیں چل رہیں اور کراچی اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ، 30 جون یعنی جمعرات سے پاکستان میں داخل ہوں گے اور اسی دن سے شہرقائد میں موسم میں بہتری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ سندھ میں تھرپارکر، عمرکوٹ سمیت دیگر علاقوں میں یکم جولائی کی رات سے بارش متوقع ہے اور 2 جولائی سے کراچی میں بھی بارش کا امکان موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم ملک کے جنوب، سندھ اور بلوچستان میں زائد بارشوں کا باعث بن سکتا ہے جس کے تحت 3 سے 4 دن اور کچھ علاقوں میں 5 دن تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ موسمیاتی جائزے کے مطابق یہ سسٹم تیز بارشوں کا باعث بن سکتا ہے، بحیرہ عرب سے نم ہوائیں بھی ملک پراثرانداز ہوں گی اور ملک کے شمالی حصے میں 30 جون سے بارشوں کا آغاز ہوگا۔