اسحاق ڈار کا پاکستان آنے کا فیصلہ، وزیر خزانہ بنائے جانے کا امکان

365

لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے آئندہ ماہ وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں یہ بات گشت کررہی ہے کہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کے بعد انہیں وزیر خزانہ بنائے جانے کا امکان ہے-

نجی ٹی وی کے مطابق امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ سابق وزیر خزانہ جولائی کے تیسرے ہفتے وطن واپس پہنچ جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کا 17 جولائی کے بعد وطن واپس آنے کا پلان ہے، اور وہ لندن سے براہ راست اسلام آباد پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار پاکستان آتے ہی بطور سینیٹر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے، اور اس کے ساتھ وہ اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں گے، جب کہ مقدمات کے فیصلے کے بعد ہی وہ خود کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے خلاف مختلف مقدمات ہیں، جن میں خاص طور پر ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے اثاثہ جات کی 22 سالہ تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے اثاثہ جات کا 32 سال کا ریکارڈ پہلے ہی جمع کرارکھا ہے۔

سابق وزیرخزانہ نومبر 2017 میں علاج کی غرض سے لندن گئے تھے اور اس کے بعد سے وطن واپس نہیں آئے۔