عمران خان پر غداری کے مقدمے کیلیے عائشہ گلالئی کا چیف جسٹس کو خط

286

اسلام آباد: تحریک انصاف کی سابق سینئر رہنما اور تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ عائشہ گلالئی نے سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق چیف جسٹس سے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ ملکی اداروں پر بے بنیاد الزام لگانے پر چیف جسٹس از خود نوٹس لیں۔ عمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈال کرتحریک انصاف پر پابندی عائد کی جائے۔ عمران خان پاک فوج کو سیاست میں گھسیٹ کر خانہ جنگی چاہتے ہیں۔بار بار نیوٹرل کا لفظ استعمال کر کے اداروں کو دھمکا رہے ہیں۔

پیر کے روز لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کیخلاف از خود نوٹس لے کر غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔ عمران خان کی جماعت تحریک انصاف پر پابندی عائد کی جائے۔ عمران خان کا نام ای سی ایل پر ڈالا جائے۔ عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان آرمی سمیت ملکی اداروں پر بے بنیاد الزام لگا رہے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ایسے حالات میں ملکی سالمیت کے لیے خاموش نہیں بیٹھنا چاہیے۔