’’بنو قابل‘‘

443

’’بنو قابل‘‘ میں بذات خود ایک پیغام ہے اور یہ انتہائی اہم پیغام ہے۔ یہ ایک خوبصورت پیغام ہے جو کراچی کے نوجوانوں کو الخدمت نے دیا ہے۔ مقصدیت اور عمل کے اعتبار سے یہ اہم ترین سلوگن بھی ہے۔ اس لفظ میں جہاں نوجوانوں کو دعوت ہے، وہاں ان کے لیے فکر کی بھی دعوت ہے کہ وہ آگے آئیں اور وہ قابل بنیں۔ یہ پیغام ان نوجوانوں کے لیے ہے جنہوں نے ابھی میٹرک اور انٹر کا امتحان پاس کیا ہے یا کر چکے ہیں یا وہ نوجوان جو میٹرک انٹر تو پاس کرچکے ہیں مگر چھوٹے موٹے کاموں سے جڑے ہوئے ہیں۔ ہمارے معاشرے میں جہاں دیگر مسائل ہیں وہیں ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ میٹرک میں پہنچنے سے قبل بچہ مستقبل کی منصوبہ بندی نہیں کرپاتا۔ اسے یہ سمجھ میں نہیں آتا کہ اُسے مستقبل میں اپنے لیے کس شعبے کا انتخاب کرنا ہے۔ نہ ہی اس حوالے اسے اہل خانہ کی جانب سے رہنمائی دستیاب ہوتی ہے۔
نوجوانوں کو علم ہی نہیں ہوتا کہ میٹرک کی بعد کیا ایسا کیا جائے کہ اس سے ان کی ترقی کی نئی راہیں کھل جائیں۔ عموماً وسائل سے محروم والدین اپنے بچوں کی درست سمت میں رہنمائی سے قاصر رہتے ہیںکہ وہ انہیں بتائیں اور ان کی رہنمائی کریں۔ انہیں کیا کرنا چاہیے، بہت سے نوجوان درست سمت کا تعین نہیں کرپاتے اور وہ مجبوراً وہ مایوسی کا شکار ہو کر چھوٹی موٹے کام کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں یا پھر معمولی رقم کے عوض کسی کی ملازمت کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ جب کوئی راستہ نظر نہیں آتا تو ایسے انٹر، میٹرک پاس یا گریجویٹ سیکڑوں نوجوان بطور رائیڈر کام کرنے کو آسان سمجھتے ہیں اور یوں ان کے آگے بڑھنے کے راستے مسدود ہو جاتے ہیں۔
یہ جان کر مجھے بے انتہا خوشی ہوئی کہ الخدمت کراچی نے صدر الخدمت حافظ نعیم الرحمن کے وژن کو لے کر ایک عظیم الشان پروگرام ترتیب دیا ہے اور اس کا نام ’’بنو قابل‘‘ رکھا گیا ہے، یہی وہ پیغام ہے جو کراچی کے نوجوانوں کو دیا گیا ہے۔ انہیں موقع فراہم کیا جارہا ہے وہ آگے آئیں اور قابل بن کر دکھائیں۔ یہ نوجوانوں کے لیے ایک چیلنج بھی ہے جسے نوجوانوں کو اپنی تقدیر بدلنے کے لیے قبول کرنا چاہیے۔ الخدمت کا یہ ایک بہت بڑا پروگرام ہے، جسے انڈسڑی کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر شروع کیا گیا ہے۔ الخدمت نے banoqabil.pk کے نام سے ایک ویب سائٹ بھی لانچ کی ہے، جبکہ گوگل پلے اسٹور سے بنو قابل ایپلی کیشن بھی ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔ نوجوانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ویب سائٹ اور ایپ پر جا کر اپنی آن لائن رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔
الخدمت ان نوجوانوں کو آئی ٹی انڈسٹری میں لانے، انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنے اور باعزت روزگار کمانے کا مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے اور بنو قابل پروگرام میں ویب ڈیولپمنٹ، فری لانسنگ، فل اسٹیک ڈیولپمنٹ، موبائل ایپ ڈیولپمنٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ایمازون ورچول اسسٹنٹ کے کورسز شامل کیے گئے ہیں۔ نوجوان یہ کورسز کرکے اپنے شاندار مستقل کی جانب قدم بڑھا سکتے ہیں اور فری لانسنگ کے ذریعے ڈالرز میں آمدنی حاصل کر سکتے ہیں۔
الخدمت نے اس پروجیکٹ کے لیے ایک سال میں 100ملین کا تخمینہ لگایا ہے اور پہلے سیشن کے لیے 50ملین مختص کر دیے ہیں۔ ایک سال میں کورسز کے دوسیشن ہوں گے۔ الخدمت ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹرڈ ہونے والے تمام طلبہ کو 3جولائی بروز اتوار کراچی کی ایک بڑی جگہ پر رجحان(Aptitude) ٹیسٹ کے لیے مدعو کیا جائے گا، جہاں بیک وقت ہزاروں بچے اس ٹیسٹ میں شریک ہوں گے، جس کے بعد کامیاب ہونے والے نوجوانوں کا انٹریو ہوگا اور پھر انہیں کورس کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اس پورے عمل کے لیے الخدمت نے ایک قابل اعتماد ادارے ایپٹیک (Aptech) سے معاہدہ کیا ہے جس کے مطابق الخدمت کورسزکے لیے بچوں کا انتخاب اور ان کے لیے ٹیسٹ وانٹریو کا اہتمام کرے گی، جبکہ ایپٹیک تعلیمی ذمے داریاں انجام دے گا۔ کورسز 6ماہ دورانیے کے ہوں گے۔ سال بھر میں کورسز کے دو سیشن ہوں گے۔
الخدمت کو ان کورسز کے لیے آئی ٹی انڈسٹری کے مستند اور قابل اعتماد ادارے پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن (Pasha) جیسے اداروں کی رہنمائی اور مشاورت بھی حاصل ہے، جبکہ نوجوانوں کو کروائے جانے والے تمام کورسز انڈسٹری کی ضروریات کے عین مطابق ہیں۔ ’’بنو قابل‘‘ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ اور ٹیسٹ میں کامیاب یہ نوجوانوں اپنے قریب ترین ایپٹیک سینٹر میں معمول کی کلاسوں میں کورسز کر سکیں گے۔ ایک کورس کی مارکیٹ قیمت 50 سے 80 ہزار روپے ہے، جبکہ الخدمت یہ تمام کورسز مفت کروا رہی ہے۔ الخدمت کا ’’بنو قابل پروگرام‘‘ شہر قائد کے ہزاروں پڑھے لکھے نوجوانوں کو آئی ٹی کی صلاحیتوں سے آراستہ کر کے انہیں باعزت روزگار کمانے کے مواقع فراہم کرنے کا پروگرام ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے کورسز پاس کرنے والے ان نوجوانوں کے لیے الخدمت ’’پلیسمنٹ بیورو‘‘ کے تحت مختلف اداروں سے رابطہ کرے گی اور ان بچوں کی انڈسڑیز میں ملازمتوں کے حوالے سے رہنمائی کرے گی۔
’’بنو قابل‘‘ پروگرام ایک بڑا پروگرام ہے جو کراچی کے نوجوانوں کو ’’empower‘‘ کرے گا۔ کراچی معاشی حب ہے۔ یہ 70فی صد ریونیو کما کر دینے والا شہر ہے۔ یہاں صنعت وتجارت کے سبب زندگی کا پہیہ رواں دواں ہے، مگر یہاں کے نوجوان ملازمتوں سے محروم ہیں۔ ’’بنو قابل‘‘ پروگرام کے ذریعے ہر سال ہزاروں نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کروانے کا منصوبہ ہے، یقینا اس کے لیے الخدمت کو اہل خیر کا تعاون درکار ہوگا۔ اہل خیر معاشی خود کفالت کے اس اہم ترین پروگرام میں فی طالب علم 50ہزارروپے سے تعاون کرسکتے ہیں۔ الخدمت تین جولائی کو رجحان ٹیسٹ منعقد کرنے جا رہی ہے، الخدمت کو اس کے لیے بڑی تعداد میں رضاکاروں کی بھی ضرورت ہے۔ نوجوان لڑے اور لڑکیاں بطور رضا کار اس ٹیسٹ میں خدمات پیش کرنے کے لیے الخدمت سے رجوع کرسکتے ہیں۔