پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،وزیراعظم

332

 لاہور:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پا کستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی،پوری قوم اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہے،نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو پھر سے بحال کیاجائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت امن وامان سے متعلق اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا، وزیراعظم کو ملک میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا،اجلاس میں صوبہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بھی زیر غور آئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کا تحفظ یقینی بنائیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بارے میں عوام کی رائے صرف کارکردگی دکھانے سے ہی بدل سکتی ہے۔ اجلاس کے دوران دہشتگردی کے خاتمے اور اس ضمن میں لاحق خطرات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے مزید کہاکہ  دہشت گردوں کی مالی معاونت کے سدباب کے اقدامات اور قوانین پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے ایف اے ٹی ایف شرائط کی تکمیل کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک بیانیے پر متفق ہے اور اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، پاکستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو پھر سے بحال کیاجائے گا جو گزشتہ چار سال میں موجود نہیں تھا۔