ملک کو درپیش گھمبیر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے، آل پاکستان انجمن تاجران

527

لاہور: آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش گھمبیر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے، تمام سیاسی جماعتیں اور اسٹیک ہولڈرزسر جوڑ کر بیٹھیں اور ملک کو بھنور سے نکالنے کیلئے متفقہ لائحہ عمل مرتب کریں ، جب تک ہم آئی ایم ایف کے شکنجے میں رہیں گے موجودہ حالات ہمارا مقدر رہیں گے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے چند ارب ڈالر قرض لینے کی وجہ سے ہم اپنی مرضی کی پالیسیاں بھی نہیں بنا سکتے جس کی وجہ سے ہر شعبہ مشکلات سے دوچار ہے ۔ مہنگائی کی بد ترین لہر کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے اور چھوٹا تاجر اپنے اخراجات بھی پورے نہیں کر سکتا اور رہی سہی کسر انتہائی مہنگے یوٹیلٹی بلوں نے نکال دی ہے ۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ موجودہ وقت اپنی سیاست چمکانے کا نہیں بلکہ ملک کے مستقبل کے بارے میں سوچنے کا ہے ، حکومت اور اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے اپیل ہے کہ وہ کچھ وقت کے لئے اپنی سیاست کو قرنطینہ کرلیں اور ایک دوسرے پر الزام تراشیوں کی بجائے صرف اس پر توجہ مرکوز کریں کہ ملک کو موجودہ گھمبیر حالات سے کیسے باہر نکالا جا سکتا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ کیوں ہم خطے کے تمام ممالک میں سب سے پیچھے رہ گئے ہیں ، کیوں ہر حکومت کو ریاست کے معاملات چلانے کے لئے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے۔