رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا اولین جز ہے، علماء کرام

415

کراچی : مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے کہا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت اور ادب ہر مسلمان کے ایمان کا اولین جز ہے، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ اس کا کوئی عمل توہین رسالت کے قریب بھی بھٹکے، کسی کے خواب کی بنیاد پر توہین رسالت جیسے جملے کی غیر محتاط ادائیگی کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین متحدہ علماء محاذ علامہ امین انصاری، جماعت غرباء اہلحدیث سے مفتی انس مدنی، مفتی حماد مدنی، مفتی ابراہیم، علامہ قاضی احمد نورانی، علامہ عبدالخالق آفریدی، حافظ اعجاز ودیگر نے اتوار کو جامعہ دارالخیر گلستان جوہر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

علما کرام نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے جو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا ہے، اس ملک پر اللہ پاک کا ہمیشہ احسان رہا، ہمہ وقت چاک و چوبند پاک فوج کے حوالے سے کئی ایسے واقعات تاریخ کا حصہ بنے جنہیں شاید ہی کوئی تصور کر سکتا تھا اور حقیقت میں وہ رب کائنات کی خاص نصرت ہوا کرتی تھی۔

انہوں نے مزید کہاکہ  ایسے اقدامات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اپنے سیاسی مفادات، اپنی پسند اور نا پسند کے لیے رسول کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت کا سہارا لینا اور آرمی چیف پر توہین رسالت کا الزام لگانا افسوسناک ہے، ایسی زبان کسی مہذب شخص کو قطعی زیب نہیں دیتی، اوریا مقبول جان کو اپنے جملوں پر توبہ کرتے ہوئے آرمی چیف سے معافی مانگنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناموس رسالت کے تحفظ سے متعلق علما حق کا موقف واضح ہے، جمعیت علمااسلام ناموس رسالت قانون کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی، ملک اور اسلام کیخلاف ہر محاذ پر آواز بلند کریں گے، ملک کا ہر باسی تحفظ ناموس رسالت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، تحفظ ناموس رسالت کے لئے عالم اسلام ہرقسم قربانی دینے کے لیے ہر وقت تیار ہے ۔