جہاں انتخابات متاثر ہوئے وہاں نئی تاریخ کااعلان ہو گا، الیکشن کمشنر سندھ

301

کراچی:الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہاہے کہ سندھ کے پہلے بلدیاتی انتخابات میں جہاں الیکشن متاثر ہوا وہاں دوبارہ انتخابات کی نئی تاریخ کااعلان کیا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے الیکشن کمشنر سندھ نے کہا کہ سندھ میں 14 اضلاع کے 9 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ جاری ہے، نواب شاہ اور میر پور خاص سے شکایات موصول ہوئی ہیں، واقعات میں ملوث کرداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اعجاز انور چوہان نے کہاکہ جہاں الیکشن تاخیر سے شروع ہوا وہاں وقت بڑھایا جائے گا، انتخابات کے دوران پیش آنے والے پر تشدد واقعات کی انکوائری کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کسی کی ہدایات پر نہیں چلتا، نہ ہی کسی جماعت یا پارٹی کا آلہ کار ہے۔

الیکشن کمشنر سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں 1 لاکھ کے قریب پولنگ کا عملہ کام کر رہا تھا، کراچی اور اسلام آباد میں اس حوالے سے کنٹرول روم قائم کیے گئے تھے،الیکشن کے لیے سندھ میں سخت مانیٹرنگ  کی جارہی تھی۔