قوم اپنے حق کیلیے جماعت اسلامی کے احتجاج میں شامل ہو، سراج الحق

569
پیکا ترمیمی آرڈیننس حکومت کا فاشسٹ ہتھکنڈا ہے، سراج الحق

گجرات: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ٹرین مارچ ظالمانہ، کرپٹ اور فرسودہ نظام کے خلاف جہاد ہے۔ قوم اپنے حق کے لیے اٹھے اور جماعت اسلامی کے احتجاج میں شامل ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ غریبوں کے لیے دووقت کی روٹی کمانا مشکل ہو گیا ہے۔ لوگوں میں سکت نہیں رہی کہ اپنے بچوں کے اسکول کی فیسیں اور یوٹیلیٹی بلزادا کر سکیں۔

مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان نے عوام کا سب کچھ چھین لیا۔ ایک طرف غریبوں اور مجبوروں کے فاقے اور دوسری جانب حکمرانوں کے قہقہے ہیں۔ دولت کے ڈھیر پر بیٹھے ظالم حکمرانوں نے عوام سے بنیادی ضروریات زندگی تک چھین لیں۔ لاکھوں نوجوان بے روزگار، ساڑھے تین کروڑ بچے غربت کی وجہ سے سکولوں سے باہر، ملک کی 80فیصد آبادی صاف پانی تک کی سہولت سے محروم اور لوگوں کے پاس علاج کے لیے وسائل نہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ وسائل پر قابض حکمران طبقے کی غیرسنجیدگی، نااہلی اور کرپشن مسائل کی اصل جڑ ہیں۔ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ ایوانوں، گلی کوچوں میں قوم کی ترجمانی بھرپور طریقے سے کی جائے گی۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم بھی موجود تھے۔

سراج الحق نے کہا کہ ملک میں پہلے وسائل کی کمی پہلے تھی نہ اب ہے، مسئلہ کرپٹ نظام اور اس کے رکھوالے ہیں۔ تینوں بڑی جماعتیں اس وقت مرکز، صوبوں میں حکمران ہیں، لیکن ہر آئے روز بحرانوں میں کمی کی بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر ماتم کیا جائے یا ہنسا جائے کہ سالہاسال سے ملک پر مسلط حکمران اب بھی قوم کو یہی بتاتے ہیں کہ وہی مسائل حل کر سکتے ہیں۔

امیر جماعت نے کہا کہ ٹرین مارچ عوام کے حقوق کے لیے کر رہے ہیں۔ عوام اپنی آئندہ نسلوں کے تحفظ کے لیے گھروں سے نکل کر اس جدوجہد میں شامل ہو جائیں۔ ملک کے مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔ سودی معیشت کو ختم کر کے زکوٰة اور عُشر کے نظام کو نافذ کر دیا جائے تو معیشت مہینوں میں ٹھیک ہو جائے گی۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی قوم کو آئی ایم ایف سے چھٹکارا دلا کر ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالے گی۔ جماعت اسلامی کو موقع ملا تو ہم ہر شعبہ زندگی میں قرآن و سنت کا نظام متعارف کرائیں گے۔ پاکستان کو اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، مگر 75برس میں عوام کو سازش کے تحت اسلامی نظام سے محروم رکھا گیا۔ ا ب وقت آ گیا ہے کہ ملک کو اسلام نظام دیا جائے۔