سندھ میں داخل ہونے والے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا فیصلہ

566

کراچی: چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ ملک میں پولیو کے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں داخل ہونے والے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے یہ بات جمعہ کے روز پولیو مہم کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے بریفنگ کے بعد کہا کہ صوبے میں داخل ہونے والے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔ سندھ میں 2 سال سے کوئی پولیو وائرس کا کیس رپورٹ نہیں ہوا یہ ایک کامیابی ہے مگر ملک کے دیگر صوبوں سے آبادی سندھ آتی ہے اس لیے ہمیں محتاط رہنا ہوگا اور صوبے کے داخلی راستوں پر پولیو مہم کو موثر انداز میں چلانا ہوگا۔

چیف سیکرٹری سندھ نے کمشنر کراچی  ہدایت کرتے ہوئے کہا کے خصوصی مہم کے دوران انکاری والدین کو پولیو قطرے پلانے پر آمادہ کیا جائے اور اس حوالے سے ایسے والدین کے کمیونٹی اور سول سوسائٹی کو بھی انگیج کیا جائے۔

انہوں نے کہا کے تمام ڈپٹی کمشنر متعلقہ ضلعوں میں  پولیو مہم کو مانیٹر کریں اور مہم کا افتتاح وہاں کے سیاسی اور سماجی شخصیات کے ساتھ مل کر کریں۔