ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، وزیر اعظم

334
Our desire

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہیں جہاں ان کا کراچی پہنچنے پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے استقبال کیا۔کراچی کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

پاکستان نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میری ٹائم بارڈرز کی حفاظت میں پاک بحریہ کا اہم کردار ہے، نیوی ملک کی سرحدوں کا دفاع کرنے والی ایک مضبوط فورس ہے اور ہمیں مضبوط بحریہ کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم  کا کہنا تھا کہ ہم پرامن، بقائے باہمی اور ہمسایوں سے اچھے تعلقات پر یقین رکھتے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم نے کمیشن حاصل کرنے والے کیڈٹس اور مڈشپ مین کے والدین کو مبارکباد بھی پیش کی اور کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت باعث فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیول اکیڈمی دوست ممالک کو بھی ٹریننگ فراہم کررہی ہے دوست ممالک کے کیڈٹ اپنی افواج میں مہارت کا مظاہرہ کرینگے۔ قومی ترقی کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنا ہوگا، گوادر کی بندرگاہ سی پیک میں اہم کردار ادا کرے گی، پاکستان کا مستقبل سی پیک کی کامیابی پر منحصر ہے۔