والد کو جبراً گھر سے نکالنے والے بیٹوں اور ماں کو سزائے قید

284

راولپنڈی: مقامی عدالت نے والد کو گھر سے زبردستی بے دخل کرنے والے بیٹوں اور والدہ کو سزائے قید سنادی۔

نجی ٹی وی کے مطابق گھر پر جبری قبضے اور بزرگ شہری کو گھر سے زبردستی نکالنے والے ماں اور بیٹوں کو ایڈیشنل سیشن جج نے 3، 3 سال قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے والدہ اور بیٹوں پر قید کے علاوہ ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

عدالتی حکم کے بعد پولیس نے ماں اور دونوں بیٹوں کو کمرہ عدالت سے ہتھکڑیاں لگا کر گرفتار کر لیا گیا۔ جج نے ایس ایچ او روات کو فوری طور پر گھر کا قبضہ ختم کرواکے اسے مالک (والد) کے حوالے کرنے کی ہدایت بھی کی۔

واضح رہے کہ محمد قاسم اور راحیلہ بیگم میں طلاق ہوگئی تھی جس کے بعد اُس نے بیٹوں زعفران، فیضان کے ہمراہ گھر پر قبضہ کر کے والد کو گھر سے جبری طور پر نکال دیا تھا۔ اس پر بزرگ شہری نے تھانہ روات میں شکایت درج کرائی جس پر پولیس نے جبری قبضہ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا اور تفتیش شروع کی۔