امریکی سپریم کورٹ نے اسلحہ ساتھ رکھنے پر پابندی ختم کر دی

449

واشنگٹن: امریکی سپریم کورٹ نے اسلحہ پر پابندی ختم کرتے ہوئے عوامی مقامات پر اسلحہ ساتھ رکھنے کو قانونی قرار دے دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ عوامی مقامات پر اسلحہ ساتھ رکھنا شہریوں کا بنیادی حق ہے۔ عدالت نے نیویارک ریاست کے دہائیوں پرانے قانون کو غیر آئینی قرار دیا ہے جس کے تحت عوامی سطح پر شہریوں کو اپنے ساتھ اسلحہ رکھنے کے لیے مناسب وجہ بتانا تھی۔

نیویارک لا قانون نے مقامی حکام کو یہ فیصلہ کرنے کا صوابدیدی اختیار دیا تھا کہ وہ کس کو بندوق ساتھ رکھنے کا لائسنس دیں۔ عدالت نے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ یہ قانون امریکی آئین کی 14 ویں ترمیم کی خلاف ورزی ہے جس کے مطابق کوئی بھی ریاست ایسا قانون نہیں بنا سکتی اور نہ نافذ کرسکتی ہے جو شہریوں کو مراعات اور استثنیٰ کو زیر کر لے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ فیصلہ عقل و فہم سے بالاتر ہے ایسا فیصلہ پریشان کن ہے اور آئین کی نفی کر تا ہے۔ نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچول نے بھی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے سیاہ ترین قرار دیا ہے۔