بچے نے گیم کھیلنے کے شوق میں والد کے اکاؤنٹ سے 39 لاکھ اُڑا دیے

426
play the game

نئی دہلی: ریٹائرڈ بھارتی فوجی کے بیٹے نے آن لائن گیم کھیلنے کے شوق میں والد کے اکاؤنٹ سے 39 لاکھ روپے اڑا دیئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر آگرہ سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ فوجی کا بیٹا والد کے موبائل فون پر آن لائن گیم کھیل رہا تھا کہ اچانک فوجی کے اکاؤنٹ سے 39 لاکھ بھارتی روپے نکل گئے، جب ریٹائرڈ فوجی کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے سائبر کرائم میں شکایت درج کرائی۔

ریٹائرڈ فوجی نے پولیس کے سائبر کرائم ونگ کو بتایا کہ اکاؤنٹ سے رقم کیسے منتقل ہوئی اس کا کچھ علم نہیں اور نا ہی کوئی میسج موصول ہوا اور ہم نے کوئی ایپ بھی ڈاؤن لوڈ نہیں کی تھی۔سائبر کرائم ونگ نے فوجی کی شکایت پر کارروائی کی اور تفصیلات نکالیں تو پتہ چلا کہ متاثرہ شخص کے اکاؤنٹ سے پہلے رقم پے ٹی ایم سے کوڈا پیمنٹ میں گئی بعدازاں سنگاپور کے ایک بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق یہ بینک اکاؤنٹ کرافٹن کمپنی کا ہے جو بیٹل گراؤنڈ آن لائن انڈیا کے نام سے ایک آن لائن گیم چلاتی ہے۔پولیس نے کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کیں تو پتہ چلا کہ گیم میں ہتھیار اور دیگر خصوصیات حاصل کرنے کےلیے رقم ادا کرنا پڑتی ہے اور گیم آٹو پیمنٹ موڈ پر تھا جس کے باعث فوجی کا بیٹا گیم کھیلنے کے دوران چیزیں خریدتا تھا اور اکاؤنٹ سے 39 لاکھ روپے کی رقم خرچ ہوگئی۔