اٹلی کے ساتھ دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں، آرمی چیف

334

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اطالوی مسلح افواج کے چیف آف دی ڈیفنس اسٹاف نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اطالوی مسلح افواج کے سربراہ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا-  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں سیکورٹی اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں فوجی تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے- اٹلی سے دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اطالوی چیف آف دی ڈیفنس اسٹاف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت  اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔