ریٹائرڈ ریلوے ملازمین پنشن واجبات نہ ملنے پر سراپا احتجاج، ہیڈکوارٹر کے باہر مظاہرہ

311

لاہور: ریلوے کے ریٹائرڈ ملازمین نے پنشن  واجبات نہ ملنے کے خلاف ریلوے ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں سیکڑوں افراد شریک ہوئے-

ریلوے مزدور تنظیموں کے تحت احتجاجی مظاہرے میں بڑی تعداد میں ریٹائرڈ مردو خواتین اور بیواؤں نے شرکت کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کئی برس سے جی پی فنڈز اور پنشن کے واجبات ادا نہیں کیے جا رہے جب کہ حکام صرف تسلیوں کے سوا کچھ نہیں دے رہے۔ مہنگائی کے اس دور میں دو وقت کی روٹی بچوں کو کھلانا مشکل ہوگیا ہے

مزدور رہنماؤں نے وزیر ریلوے سے مطالبہ کیا کہ وہ مزدوروں کا احساس کرتے ہوئے بقایا جات کی فوری ادائیگی کا حکم دیں۔ مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ ایک لاکھ پچیس ہزار ریٹائرڈ ملازمین کو ایک سال سے گریجویٹی نہیں ملی۔ مزدور رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز کوئی شخص چکر آنے کی وجہ سے نہیں گرا، وہ خودکشی کی کوشش تھی۔ انتظامیہ حقیقت پر پردہ ڈال رہی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ ہم بہت جلد سپریم کورٹ میں بیوائوں اور پنشنرز کی ادائیگیوں کے لیے جائیں گے۔