پنجاب اسمبلی  سے متعلق گورنر کا آرڈیننس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

259

لاہور: پی ٹی آئی نے صوبائی اسمبلی کے حوالے سے گورنر پنجاب کی جانب سے جاری کیا گیا آرڈیننس لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔ اس سلسلے میں تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی زینب عمیر نے وکیل اظہر صدیق کے ذریعے درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ گورنر پنجاب نے 14 جون کو صوبائی اسمبلی کے اختیارات کے حوالے سے آرڈیننس جاری کیا، جو کہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی نے درخواست میں اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے مزید کہا کہ گورنر پنجاب کی جانب سے جاری آرڈیننس سے سیکرٹری اسمبلی کے اختیارات محدود کرکے اجلاس نوٹیفائی یا  ڈی نوٹیفائی کرنےکا اختیار سیکرٹری قانون کو دے دیا گیا۔ گورنرکاجاری کردہ آرڈیننس رولزآف اسمبلی سےمتصادم اور آئین کی خلاف ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں دی گئی درخواست میں مزید کہا گیا کہ گورنر کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسمبلی سے باہر بلانے کا اختیار نہیں، لہٰذا گورنر پنجاب کا جاری کردہ آرڈیننس آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم کیا جائے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک آرڈیننس پر عملدرآمد روک دیا جائے۔

رکن اسمبلی زینب عمیر نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ ایوان اقبال میں بلائے گئے اجلاس کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے ۔