فن لینڈ نے تمام کورونا پابندیاں ختم کرنے کی تاریخ کا اعلان کردیا

328

فن لینڈ کی حکومت نے ملک بھر میں عائد تمام کورونا پابندیوں کا 30 جون کو خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شینگن علاقے یا یورپی یونین کے باہر سے آنے والے مسافروں کو اب ویکسینیشن سرٹیفکیٹ یا منفی کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

پابندیوں کے خاتمے سے روس سے فن لینڈ میں داخل ہونے والے مسافروں کی آمدورفت میں اضافہ ہو سکتا ہے، فین لینڈ کی وزارت داخلہ نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ فن لینڈ کی بیرونی سرحدوں پر کووڈ سے متعلق تمام پابندیاں 30 جون کو ختم ہو جائیں گی۔

اس اعلان کے مطابق اب جولائی کے آغاز سے، شینگن اور یورپی یونین زونز کے باہر سے ملک میں آنے والے تمام مسافروں کو اب ویکسینیشن سرٹیفکیٹ یا منفی کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

مزید برآں، بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر اب کووِڈ ٹیسٹ نہیں کیے جائیں گے۔وزارت نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ فن لینڈ کے محکمہ صحت کے حکام کے کہنے کے بعد آیا ہے کہ پابندیوں کو برقرار رکھنے کے لیے اب صحت کی کوئی وجہ نہیں ہے۔

فن لینڈ کے اس اعلان کے بعد ملک بھر میں متعدد مقامات پر لوگ جمع ہوئے اور انہوں نے پابندیوں کے خاتمے پر خوشی کا اظہار کیا۔شینگن ممالک کے ساتھ ساتھ غیر شینگن یورپی یونین کے رکن ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے فن لینڈ کے سرحدی ضوابط جنوری کے آخر میں اٹھا لیے گئے تھے۔

جولائی سے اقدامات کو مکمل طور پر ہٹانے سے غیر شینگن اور غیر یورپی یونین کے علاقوں بشمول فن لینڈ اور روس کی سرحد کے پار سے ٹریفک میں اضافہ متوقع ہے۔وزارت داخلہ نے نوٹ کیا کہ مشرقی سرحد کے پار ٹریفک کا حجم اب بھی روسیوں کی فن لینڈ جانے کی خواہش کے ساتھ ساتھ درست ویزوں کی تعداد سے متاثر ہوگا۔