صدر کی جانب سے بغیر دستخط واپس بھیجے گئے بلز اسپیکر قومی اسمبلی کو ارسال

323
Amendment

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے دستخط کیے بغیر واپس بھیجے گئے نیب ترمیمی بل اور الیکشن ترمیمی بل اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو ارسال کردیے گئے-

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 75 کی شق نمبر 2 کے تحت دونوں بلز سے متعلق صدارتی فائل کے ساتھ بلز کو قانونی شکل دینے کی سمری بھی اسپیکر قومی اسمبلی کو بھیجی گئی ہے۔ اسپیکر کی طرف سے سمری پر دستخط کے بعد نیب ترمیمی بل 2022ء اور الیکشن ترمیمی بل 2022ء نافذالعمل ہوجائیں گے۔

اسمبلی حکام کے مطابق دونوں بلز کا گزٹ نوٹی فکیشن بھی جاری ہوگا۔

واضح رہے کہ صدر مملکت نے نیب ترمیمی بل اور الیکشن  ترمیمی بل دستخط کیےبغیر واپس کردیے تھے-اس سلسلے میں ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کا اچھی طرح علم ہے کہ بل پر دستخط نہ کیے جانے کے باوجود یہ دونوں بلز قانونی حیثیت اختیار کر لیں گے، تاہم میرا ضمیر مجھے ان پر دستخط کرنے کی اجازت نہیں دیتا-