ون فائیو پر بار بار قتل کی جھوٹی اطلاع دینے والے شخص کو پولیس نے دھر لیا

410

کراچی: مددگار ون فائیو پر بار بار قتل کی جھوٹی اطلاع دینے والے شخص کو پولیس نے دھر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ون فائیو مددگار پر بار بار قتل کی جھوٹی اطلاع دینے والا آخر کار پولیس کے ہتھے چڑھ گیا، ملزم کے خلاف سکھن تھانے میں ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے لیبر اسکوائر بھینس کالونی میں قتل کی جھوٹی اطلاع دینے والے ملزم نور مصطفی ولد خدا بخش نے ویڈیو بیان میں اعتراف کیا کہ اس نے دو بار جھوٹی کالیں کر کے موبائل فون بند کر دیا تھا۔ نور مصطفی نے اعتراف کیا کہ اس نے 15 روز قبل ون فائیو پر فون کیا اور کہا کہ یہاں 2 لاشیں پڑی ہوئی ہیں، اور اطلاع دینے کے بعد میں نے اپنا فون بند کر دیا۔

ملزم کے مطابق 2 روز کے بعد اس نے پھر ون فائیو مددگار پر فون کیا اور کہا ایک شخص نے بیوی کو قتل کر دیا ہے، اس کے بعد پھر میں نے اپنا فون بند کر دیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق جھوٹی اطلاع پر جب پولیس ٹیم بھینس کالونی پہنچی، تو لوگوں نے بتایا کہ ایسی تو کوئی واردات نہیں ہوئی ہے، اس شخص نے اس سے قبل بھی جھوٹی اطلاع دی تھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم بار بار رند گوٹھ میں لاشیں پڑی ہونے کی جھوٹی اطلاع دیتا تھا، پولیس اور ریسکیو کی جانب سے تلاش کرنے پر اطلاع جھوٹی نکلتی، ملزم کے عمل سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ ملزم کے خلاف ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، دوسری طرف ملزم نور نے غلطی کے اعتراف کے بعد معافی طلب کر لی ہے، ملزم نے بیان میں کہا مجھے معاف کر دیا جائے۔