ڈیجیٹل مردم وخانہ شماری کےلئے نادرا اور ادارہ شماریات میں معاہدہ

369

اسلام آباد: نادرا، ادراہ شماریات کے درمیان ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کے آغاز کے معاہدے پر دستخط  ہو گئے، نادرا کا تیار کردہ مکمل ڈیجیٹل نظام پر خانہ شماری ہوگی، ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری 628 تحصیلوں کے 200,000 مردم شماری بلاکس میں کی جائے گی۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  پاکستان کی پہلی مکمل ڈیجیٹل مردم شماری میں نادرا کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کے تیار کردہ ڈیجیٹل نظام سے شمار کنندگان، سپروائزرز کی شفافیت اور احتساب کو یقینی بنایا جائے گا، احسن اقبال  نے کہا کہ درست مردم شماری ہماری جمہوریت، معیشت اور عوام کی حکمرانی کے لئے بہت ضروری ہے۔

اس موقع پر چیئرمین نادرا طارق ملک  نے کہا کہ پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کرانے کا فیصلہ بغیر کسی تعصب کے شفاف مردم شماری پر اتفاق رائے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا ایسے قومی منصوبوں میں اہم ٹیکنالوجی پارٹنر ہے جو شفافیت اور احتساب کو یقینی بناتا ہے۔