قال اللہ تعالیٰ و قال رسول اللہ ﷺ

529

جو کوئی اللہ کی راہ میں ہجرت کرے گا وہ زمین میں پناہ لینے کے لیے بہت جگہ اوربسر اوقات کے لیے بڑی گنجائش پائے گا، اور جو اپنے گھر سے اللہ اور رسول کی طرف ہجرت کے لیے نکلے، پھر راستہ ہی میں اْسے موت آ جائے اْس کا اجر اللہ کے ذمے واجب ہو گیا، اللہ بہت بخشش فرمانے والا اور رحیم ہے۔ اور جب تم لوگ سفر کے لیے نکلو تو کوئی مضائقہ نہیں اگر نماز میں اختصار کر دو (خصوصاً) جبکہ تمہیں اندیشہ ہو کہ کافر تمہیں ستائیں گے کیونکہ وہ کھلم کھلا تمہاری دشمنی پر تلے ہوئے ہیں۔ (سورۃ النساء:100تا101)

سیدنا عبداللہ بن عمر ؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ؐ نے ارشاد فرمایا: رحمان کی عبادت کرتے رہو، کھانا کھلاتے رہو اور سلام کو عام کرو، جنت میں سلامتی کے ساتھ داخل ہو جاؤ گے۔ (ترمذی) سیدنا عبداللہ بن مسعودؓ بیان کرتے ہیں کہ: رسول اللہؐ نے فرمایا: اللہ نے تمہارے اخلاق بھی تقسیم کردیے ہیں جس طرح تمہارے رزق تقسیم کیے ہیں۔ اللہ دنیا اس کو بھی عطا کرتا ہے جسے وہ پسندکرتا ہے اور اسے بھی جسے وہ پسند نہیں کرتا مگر دین صرف ان کو عطا کرتا ہے جن سے وہ محبت کرتا ہے۔ (مستدرک حاکم)