طارق عزیز کی دوسری برسی کل منائی جائے گی

624
anniversary

پاکستان کے نامور ٹیلی ویژن کمپیئر اور اداکار طارق عزیز کی دوسری برسی17جون کو منائی جائے گی۔

طارق عزیز28اپریل1936 کو ہندوستان(برصغیر)کے شہر جالندھر میں پیدا ہوئے، ان کے والد میاں عبد العزیز 1947 میں پاکستان ہجرت کر آئے، طارق عزیز نے اپنا بچپن ساہیوال میں گزارا، انہوں نے ابتدائی تعلیم ساہیوال سے ہی میں حاصل کی۔بعد ازاں معروف ٹی وی ہوسٹ نے ریڈیو پاکستان لاہور سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا۔

1964 میں پاکستان ٹیلی وژن کا قیام عمل میں آیا تو طارق عزیز پی ٹی وی کے سب سے پہلے مرد انانسر تھے، تاہم 1975 میں شروع کیے جانے والے ان کے سٹیج شو نیلام گھر نے ان کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، یہ پروگرام کئی سال تک جاری رہا اور اسے بعد میں بزمِ طارق عزیز شو کا نام دے دیا گیا۔انہوں نے ریڈیو اور ٹی وی کے پروگراموں کے علاوہ فلموں میں بھی اداکاری کی۔ 

طارق عزیز کی سب سے پہلی فلم انسانیت1967آئی تھی اور ان کی دیگر مشہور فلموں میں سالگرہ، قسم اس وقت کی، کٹاری، چراغ کہاں روشنی کہاں، ہار گیا انسان قابل ذکر ہیں، انہیں ان کی فنی خدمات پر بہت سے ایوارڈ مل چکے ہیں۔حکومتِ پاکستان کی طرف سے طارق عزیز کو 1992 میں حسن کارکردگی کے تمغے سے بھی نوازا گیا۔طارق عزیز17جون2020 کو انتقال کر گئے۔