ضمنی انتخاب کے دوران ہنگامہ آرائی، ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی

301

کراچی: شہر قائد کے حلقہ این اے 240 میں پولنگ کے دوران تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) اور پاک سرزمین پارٹی ( پی ایس پی) کے درمیان تصادم ہوا ہے جس کے سبب متعدد کارکنان زخمی اور ایک جاں بحق ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حلقہ این اے 240 میں پولنگ کے دوران تصادم لانڈھی نمبر 6 میں ہوا جہاں دوسیاسی کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا، ہاتھا پائی ہوئی اور ڈنڈوں کا استعمال کیا گیا جس کے سبب متعدد لوگ زخمی ہوگئے۔

ٹی ایل پی کے رہنما مفتی قاسم فخری کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کی گاڑی پر پی ایس پی کے دہشت گردوں نے فائرنگ کی جبکہ پی ایس پی چیئرمین مصطفی کمال اور رہنما انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی کے شر پسند عناصر نے ہمارے کیمپ پر حملہ کرکے ہمارے لوگوں کو زخمی کیا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ نے حلقے این اے 240 میں فائرنگ اور تشدد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی کو ہدایت کی کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دیں، الیکشن کا ماحول پرامن رکھا جائے، جو قانون ہاتھ میں لے اس سے سختی سے نمٹا جائے۔