ایم سی آئی  ٹھیکیداروں کے ذریعے تاجروں کو ذلیل نہ کرے اجمل بلوچ

235

اسلام آباد: آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ اور سیکریٹری و کنوینر ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چوہدری نے کہا ہے کہ ایم سی آئی نے 2015ء میں گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے آئی سی ٹی میں لوکل ٹیکس عائد کئے تھے اور بورڈ ٹیکس 20 روپے، 60 روپے اور دو سو روپے نافذ ہوئے۔ لیکن اب غیر قانونی طور پر ڈبل ریٹ پر ٹیکس اکٹھا کرنے کے ٹھیکے دیئے گئے ہیں۔

پیپرا قانون کے مطابق ٹیکس اکٹھا کرنے کا ٹھیکہ مقررہ ریٹ سے بڑھا کر نہیں دیا جاسکتا لیکن گزشتہ کچھ دنوں سے بھارہ کہو، پی ڈبلیو ڈی او ڈی ایچ اے میں بورڈ ٹیکس غنڈوں اور بدمعاشوں کے ذریعے اکٹھا کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ یونین کونسلز عملی طور پر معطل ہیں بھارہ کہو میں ایک دکان پر لگے ہوئے بورڈ کے لیے سات لاکھ 35 ہزار روپے کا نوٹس دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ عدم ادائیگی پر دکان سیل کر دی جائے گی۔

وزیراعظم کا دفتر اسلام آباد میں ہے ان کے سائے تلے لوٹ مار جاری ہے اور شکایت کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ نوٹیفائیڈ ریٹ سے بڑھا کر کوئی ٹیکس وصول نہیں کیا جاسکتا، لاکھوں روپے دھونس کے ذریعے دکانداروں سے وصول کیے جا رہے ہیں۔ کئی مرتبہ ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی، ڈپٹی ڈی جی ایم سی آئی اور چیئرمین سی ڈی اے کو شکایت کر چکے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہے۔

کرپشن سرعام جاری ہے، وزیراعظم دارالحکومت میں ڈبل ریٹ کے ٹھیکے داروں کے خلاف کارروائی کریں ورنہ تاجر مجبوراً احتجاج کا راستہ اپنائیں گے کسی بھی وقت مری روڈ بھارہ کہو ہائی وے بند کر دیں گے۔