صیہونی منصوبے کیخلاف دیوار بن کر کھڑے ہوں گے، حماس

341

حماس کے رہنما عبدالحکیم حنینی نے کہا ہے کہ اسرائیلی بستیوں کی توسیع ایک “جنگی جرم” اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی اراضی کا وسیع رقبہ ہتھیا کر قومی پارک بنانے کا منصوبہ “ایک نئی سازش” مسلط کرنا ہے۔ اخباری بیان میں، حنینی نے عزم بالجزم کا اظہار کیا کہ فلسطینی عوام اور ان کی مزاحمت “ایک ناقابلِ تسخیر دیوار کی طرح اس منصوبے کے سامنے کھڑے ہوں گے۔

حماس کے عہدیدار نے اس ضرورت پر زور دیا کہ عالمی برادری ، انسانی حقوق کی تنظیمات اور قانونی ادارے اپنی خاموشی توڑیں اور اسرائیلی حکومت کو آبادکاری کے اس جرم سے روکیں۔ان کا مزید کہنا تھا: “جو کچھ طاقت کے ذریعے قبضے میں لیا گیا ہے، اسے طاقت ہی کے ذریعے واپس حاصل کیا جا سکتا ہے۔”

یاد رہے پیر کے روز اسرائیلی اخبار ہیوم نے مقبوضہ مغربی کنارے میں القدس اور بحیرہ مردار کے درمیان وسیع علاقے پر یہودی بستیوں کی توسیع اور قومی پارک قائم کرنے کے اسرائیلی منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ ہیوم کے مطابق یہ منصوبہ بطورِ خاص سیاسی اعتبار سے خطے کا چہرہ بدل دے گا۔