پی ٹی آئی کے بڑے کھلاڑی جیل میں ہوں گے اور ہم حکومت کریں گے ،منظور وسان 

284

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے زراعت اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے پیش گوئی کی ہے کہ پی ٹی آئی کے بڑے کھلاڑی جیل میں ہوں گے اور ہم حکومت کریں گے۔ سیاسی پیشگوئیوں کے حوالے سے شہرت رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی الیکشن ملتوی نہیں ہوں گے اور مخالفین کوشکست دیں گے۔

منظوروسان نے دعوی کیا کہ عام انتخابات 2023 میں ہوں گے، مہنگائی ملک میں 2 سال سے ہے، بہت جلد کنٹرول ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ پی ٹی آئی کے بڑے کھلاڑی جیل میں ہونگے اور ہم حکومت کررہے ہونگے، عمران خان نے ملک کو بہتر طریقے سے نہیں چلایا، زرعی ملک کو تباہ کر کے گئے ہیں۔ عمران حکومت میں ڈالر مہنگا ہوا، لوگوں کو نہ گھر ملے اور نہ ہی نوکریاں ملیں، عمران نے جو احتساب کا شوشہ چھوڑا تھا اسی احتساب سے اب خود ڈر رہے ہیں۔

مشیر زراعت سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی ایسی پارٹی ہے جو جلدی بنتی ہے اور جلدی ٹوٹ جاتی ہے، جو عمران خان کی 2011 میں پوزیشن تھی اسی پوزیشن میں واپس جارہے ہیں، یہ کسی بھی مقصد میں کامیاب نہیں ہوئے۔ منظور وسان نے کہا کہ اتحادیوں نے مشکل حالات میں اسی لیے حکومت لی کہ عام انتخابات کون کراتا، مہنگائی ملک میں دو سال سے ہے، مہنگائی پر بہت جلد کنٹرول ہوجائیگا۔