عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو شدید ردعمل آئے گا، شاہ محمود قریشی

353

اسلام آباد: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کو گرفتا رکرنے سے بڑی سیاسی حماقت نہیں ہوسکتی، عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو شدید ردعمل آئے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ راناثنااللہ کی دھمکیاں اور غیرسیاسی گفتگو پوری قوم نے سنی، راناثنااللہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، عمران خان کی گرفتاری پر خاموش رہیں گے یہ ان کی غلط فہمی ہے، پارٹی نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان استعفوں کی تصدیق کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش نہیں ہوں گے، ہم اپنے استعفے پیش کرچکے ہیں،حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 60روپے کا اضافہ کردیا ہے جبکہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی بے تحاشا اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  حکومتی اقدامات سے ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان آنے والا ہے، ملک میں افراط زر 25سے 30فیصد کے قریب پہنچ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی میں معاشی سلامتی کی بہت اہمیت ہے، آئی ایم ایف کے دباﺅ کے باجود بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی، روس سے سستا تیل اور گندم کی بات چیت ہوئی تھی لیکن موجودہ حکومت روس سے بات کرنے سے گریز کررہی ہے۔

شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ ہم نے جب دہشت گردی کے خاتمے کیلئے طالبان سے بات کی تو بہت تنقید کی گئی، اب وہی حکومت اور وزیر خارجہ طالبان سے بات کررہے ہیں، ہماری ہی پالیسیز کو اب آگے بڑھایا جارہا ہے، کیا اب وزیر خارجہ طالبان سے مذاکرات پر کوئی بات کریں گے؟