پرائیوٹ ایمبولینس گاڑی مالکان کا ٹیکس کے نفاذ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

417

سوات: پرائیوٹ ایمبولینس گاڑی مالکان کا ٹیکس کے نفاذ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، سوات پریس کلب کے سامنے کئے گئے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پرائیویٹ ایمبولینس ڈرائیور ایسو سی ایشن کے صدر برکت علی خان، نائب صدر سید قیوم، جنرل سیکرٹری جنید شہاب، عزیزالحق اور دیگر نے کہا کہ پرائیویٹ ایمبولینس سروس کے ڈرائیور حضرات مسائل و مشکلات کے شکار ہیں۔

آئے روز انہیں نت نئے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، ضلعی انتظامیہ مذکورہ غریب ڈرائیوروں کے مسائل پر توجہ دے کر حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے، انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن ٹیکس فری زون ہے لہذا ہم پر ٹیکس لاگو نہ کیا جائے، رجسٹریشن کے نام پر فیس دے رہے ہیں لیکن ہر چھ ماہ بعد پھر کلیئرنس فیس اور ٹیکسز کا نفاذ سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پر جو اضافی ٹیکس لگایا جارہا ہے یہ پورے پاکستان میں کہیں پر بھی لاگو نہیں ہے جو قانونی ٹیکس ہے اسے دینے کیلئے ہم تیار ہیں لیکن اضافی ٹیکس کسی صورت منظور نہیں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز ٹیکس کا نفاذ فوری طورپر ختم کرکے ہمیں مزید احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے۔