رانا ثنااللہ نے زرداری اور ملک ریاض کی مبینہ کال کو سچ قرار دے دیا

145

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ملک ریاض کی مبینہ آڈیو کال کو بالکل سچ قرار دے دیا۔رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری اس آڈیو لیک سے پہلے بھی بتاتے رہے ہیں کہ کیسے عمران خان ان سے این آر او مانگنے کی کوشش کرتے رہے۔ وزیرداخلہ نے مزیدکہا کہ چیئرمین نیب کے لیے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نام پر ابھی فیصلہ نہیں ہوا لیکن جسٹس مقبول باقر ایک معتبر شخص ہیں جن کا نام زیرغور ہے، ہوسکتا ہے اگلے 2 روز میں حتمی نام کا اعلان ہوجائے۔ واضح رہے کہ ملک کے نامور پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کی ’عمران خان‘ کا پیغام سابق صدر آصف زرداری کو پہنچانے کی مبینہ آڈیو سامنے آئی۔ مبینہ آڈیو میں ملک ریاض آصف زرداری سے کہتے ہیں کہ ’سر بس بتانا تھا، میں نے پہلے بھی آپ کو بتایا تھا، باتیں آپ سے کرنی ہیں، آپ نے کہا تھا بعد میں کریں گے، آپ کو انفارمیشن دینی تھی، خان کی طرف سے مجھے بڑے میسجز تھے کہ پیچ آپ کروا دیں آپ کے ساتھ، آج تو اس نے مجھے بہت ہی میسجز کیے‘۔اس کے جواب میں سابق صدر کہتے ہیں کہ ’اب امپاسیبل ہے نا‘۔ اس کے جواب میں ملک ریاض کہتے ہیں کہ ٹھیک ہے، بس آپ کے سامنے بات رکھ دوں۔