سوشل سیکورٹی کنٹری بیوشن کی وصولی کو بہتر بنایا جائے ، کمشنر سیسی

1025

کمشنر سندھ سوشل سیکورٹی احمد علی قریشی نے تمام لوکل ڈائریکٹوریٹس کو ہدایت کی ہے کہ ایزآف ڈوئنگ بزنس کے حوالے سے سوشل سیکورٹی اسکیم میں رجسٹرڈ تمام صنعتی و تجارتی اداروں کو پابند کریں کہ وہ اپنا سوشل سیکورٹی کنٹری بیوشن آن لائن سیسی کے اکائونٹ میں جمع کرائیں۔ انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ دنوں سیسی کے ڈائریکٹرز کی ماہانہ کارکردگی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹرایڈمنسٹریشن زاہدبٹ، ڈائریکٹرکنٹری بیوشن اینڈ بینیفٹ عنبرین کامل، صوبے بھر کے لوکل ڈائریکٹوریٹس کے سربراہوں، اور ڈائریکٹرپبلک ریلیشنز نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنر سیسی احمد علی قریشی نے کہا کہ زیادہ تر ڈائریکٹوریٹ ٹارگٹ سے بہت پیچھے ہیں تمام لوکل ڈائریکٹرز سوشل سیکورٹی کنٹری بیوشن کے حوالے سے اپنا ٹارگٹ پورا کریں تاکہ سوشل سیکورٹی اسکیم میں رجسٹرڈ تحفظ یافتہ محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے زیرانتظام دفاتر میں وقت کی پابندی اور نظم و ضبط کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ کمشنر سیسی نے ڈائریکٹرسکھر ڈائریکٹوریٹ کو ٹارگٹ پورا کرنے پر شاباشی دی اور دیگر ڈائریکٹرز کو کارکردگی بہتر بنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے ڈائریکٹرز پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ آجران کو صنعتی اداروں اور محنت کشوں کی آن لائن رجسٹریشن کی طرف راغب کریں۔ اس موقع پر کمشنر سیسی نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ Closed Unit کی ویری فیکیشن رپورٹ جلد از جلد جمع کرائیں اور ڈائریکٹوریٹ آنے والے تمام لیٹرز کا جواب فی الفور دیاجائے۔