آجران زیادہ سے زیادہ محنت کشوں کو رجسٹر کرائیں ، کمشنر سیسی

981

سوشل سیکورٹی اسکیم بنیادی انسانی حقوق کا احاطہ کرتی ہے جبکہ صوبہ سندھ میں یہ محنت کشوں کی فلاح کی سب سے موثراسکیم ہے، جس میں محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو سماجی تحفظ کے حقوق حاصل ہیں۔ یہ بات کمشنر سندھ سوشل سیکورٹی احمد علی قریشی نے حیدرآباد کے ایک ہوٹل میں حیدرآباداور کوٹری کے محنت کشوں اور آجران کے لیے منعقدہ آگہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پروگرام میں حیدرآباداور کوٹری سے آجران ، مزدور تنظیموں کے نمائندوں اور محنت کشوں نے بھی شرکت کی۔کمشنر سیسی نے کہاکہ ان کاادارہ سوشل سیکورٹی اسکیم کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہاہے۔ ہمارے اسپتالوں میں ڈاکٹرز بہتر خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ معیاری ادویہ کی فراہمی پرخاص توجہ دی جارہی ہے تاکہ محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو علاج کی بہتر سہولتیں میسر آسکیں۔ انہوں نے کہاکہ محنت کشوں کی صحت اور تندرستی ہماری اولین ترجیح ہے۔کمشنر سیسی نے کہا کہ محنت کشوں اور آجران سے جو کنٹری بیوشن ملتا ہے وہ ان کی امانت ہے اسے صحیح جگہ پر خرچ کرنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ ان کابھروسہ ہم پر قائم رہے۔ انہوں نے کہاکہ نوری آباد ڈسپنسری اور حیدرآباد ہسپتا ل میں دوائیوں اور سہولتوں کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سوشل سیکورٹی نادرا کے اشتراک سے ’’بینظیرمزدوراسمارٹ کارڈ‘‘ کا اجراء کررہا ہے جس سے 6لاکھ سے زائد محنت کش مستفید ہوں گے اور جعلی کارڈز کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے آجران سے کہا کہ وہ اپنی فیکٹریوں اور تجارتی اداروں کو اور وہاں کام کرنے والے محنت کشوں کو ویب پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹرکراسکتے ہیں اور ون لنک کے ذریعے آن لائن پیمنٹ شروع ہوچکی ہے تو وہ اب اپنا کنٹری بیوشن بھی آن لائن جمع کرائیں۔ انہوں نے سیمینار میں موجود آجران اور محنت کشوں کے مسائل بھی سنے اور انہیں جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ کمشنر سیسی نے پروگرام میں آجران اور محنت کشوں کی شرکت کو سراہا اور کہاکہ انہیں یہاں آکر اور آپ لوگوں کی باتیں سن کر اچھا لگا اور اس طرح کے آگاہی پروگرام تواتر کے ساتھ ہونے چاہئیں۔ پروگرام سے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز تربیت و تحقیق
سیف اللہ خان نے کہاکہ ان تربیتی پروگراموں کا مقصد سوشل سیکورٹی اسکیم کے بارے میں محنت کشوں اور آجران کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا ،ان کا قابل عمل حل تلاش کرنا اور محنت کشوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جس میں باہمی گفت و شنید سے اسکیم کوموثر بنانے کے لیے تجاویز مرتب کی جاسکیں ۔انہوں نے کہا کہ ادارے نے ہمیشہ مثبت تنقید اور جائز شکایات کا خیرمقدم کیا ہے کیونکہ اس سے غلط فہمیاں دور ہوتی ہیں اور ترقی کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ اس معلوماتی پروگرام سے چیف میڈیکل
آفیسر (ہیلتھ) عمر چنہ، ڈائریکٹرسی اینڈ بی عنبرین کامل، ڈائریکٹر حیدرآباد ظفر محمد خان، ڈائریکٹر کوٹری سہیل احمد خان، سیسی کے ڈائریکٹر/لاء سپروائزر غلام دستگیر اور ڈائریکٹر آئی ٹی سیدحامد علی نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں مہمان خصوصی کمشنر سیسی احمد علی قریشی اور دیگر شرکاء کو ڈائریکٹر حیدر آباد کی جانب سے سندھ کی روایتی اجرک، ٹوپی کا تحفہ پیش کیا گیا۔