عازمین کیلیے پرائیویٹ حج پیکجز کا اعلان

715

اسلام آباد:پاکستان میں رواں برس پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج پر جانے والے افراد کو15 لاکھ روپے سے 30 لاکھ روپے تک ادا کرنے پڑیں گے، پاکستان میں مختلف کمپنیوں نے پرائیویٹ حج پیکجز کا اعلان کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان علی حماد نے پرائیویٹ حج پیکجز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 14 اور 18 روز کے مختلف پیکجز متعارف کروائے گئے ہیں جس میں سلور، ڈائمنڈ اور وی آئی پی پیکجز شامل ہیں، رواں برس پاکستان سے 81 ہزار افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔

پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سولر پیکج مکہ میں عزیزیہ اور مدینہ میں فور سٹار اور فائیو سٹار ہوٹل کی بکنگ شامل ہے اور یہ پیکج 15 لاکھ روپے سے شروع ہوکر 19 لاکھ روپے تک کا ہے۔ڈائمنڈ پیکج 18 روز کا ہے جو کہ 16 لاکھ روپے سے لے کر 19 لاکھ روپے تک ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ وی آئی پی پیکج میں فائیو سٹار ہوٹل کی بکنگ شامل ہے جو 20 لاکھ روپے سے شروع ہو کر 30 لاکھ تک کا ہے۔ حج پیکجز کے ریٹ ہوٹل کی بکنگ اور کمرے کی شیئرنگ کے حساب سے طے کیے گئے ہیں۔ علی حماد کے مطابق ان پیکجز میں ہوائی جہاز کا ٹکٹ اور قربانی شامل نہیں۔ ایئرلائنز کے حساب سے ٹکٹ کی قیمت طے کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ٹکٹ کا تخمینہ ڈھائی سے تین لاکھ روپے تک لگایا گیا ہے جبکہ پرائیویٹ حجاج کی ٹریننگ کا انعقاد ٹور آپریٹر کمپنی خود کروائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں حج کوٹے کا 60 فیصد حصہ سرکاری جبکہ 40 فیصد کوٹہ نجی ٹور آپریٹر کمپنیوں کو دیا جاتا ہے۔