بابراعظم نے سیریز میں ٹیسٹ میچز کو بڑھانے کا مطالبہ کر دیا

163

لاہور: قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سیریز میں ٹیسٹ میچز بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ لیگ کرکٹ ٹیسٹ کرکٹ کو متاثر نہیں کررہی ہے ۔

اپنے ایک انٹرویو میں بابر اعظم نے کہا کہ اس وقت فرنچائز کرکٹ بہت زیادہ ہو رہی ہے،ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقبول بھی ہے لیکن میں نہیں سمجھتا کہ ٹیسٹ کرکٹ متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی برقرار ہے کیونکہ ٹیسٹ میچز میں بھی سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے ہو رہے ہیں لیکن جہاں میں یہ سمجھتا ہوں کہ ٹیسٹ کرکٹ لیگ کرکٹ سے متاثر نہیں ہوئی وہاں میں اس بات پر زور دوں گا کہ سیریز میں ٹیسٹ میچز بڑھانے کی ضرورت ہے کیوں کہ ابھی ٹیسٹ میچز کم ہو رہے ہیں، دو تین ٹیسٹ میچز کی بجائے سیریز میں ٹیسٹ میچز کی تعداد4یا 5ہونی چاہیے ، اس سے ٹیسٹ میچز کی مقبولیت برقراررہے گی۔

دوسری جانب کپتان بابراعظم ویمن کرکٹ کے بھی زیادہ ہونے کے حامی ہیں اور اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ویمن کرکٹ کو سب کی سپورٹ چاہیے، اس وقت لیگ کرکٹ ہونا شروع ہو گئی ہے، ان کے ورلڈکپ بھی باقاعدگی سے ہوتے ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ویمن کرکٹ کو سیریز کم ملتی ہیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ویمن کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ ہے، انہیں کم مواقع ملتے ہیں ان کی باہمی سیریز زیادہ سے زیادہ ہونی چاہئیں، جتنی زیادہ بین الاقوامی سطح پر ویمن کرکٹ ہوگی اتنا ویمن کرکٹ کو فروغ ملے گا اور ویمن کرکٹرز میں جذبہ بڑھے گا۔

دوران گفتگو قومی کپتان نے امید ظاہر کی کہ اس حوالے سے فیصلہ سازی کرنے والے حکام ضرور دھیان دیں گے۔