آرمی انٹر کلب ڈویژنل ہاکی چمپئن شپ کے دوسرے مر حلے کا اعلان

263

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ڈویژنل ہاکی چمپئن شپ 10جون تا 15 جون ملک بھر کے ڈویژن میں منعقد ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کلب لیول سے قومی کھیل ہاکی کی ترقی و ترویج کیلیے پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ سطح پر چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ڈسٹرکٹ ہاکی چمپئن شپ کی کامیاب انعقاد کے بعد دوسرے مرحلے کیلیے ڈویژن سطح پر چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ڈویژنل ہاکی چمپئن شپ کے انعقاد کی تاریخوں کا اعلان کردیا،مذکورہ چمپئن شپ ملک بھر کے ڈویژن میں 10جون تا 15جون 22 تک جاری رہے گی۔جس میں پنجاب کے 9 ، کے پی کے کے 7،سندھ کے 6،بلوچستان کے 6جبکہ اسلام آباد،آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے ایک ایک ڈویژن شامل ہونگے۔ڈویژنل سطح پر جیتنے والی ٹیمیں صوبائی سطح پر ہونے والی چمپیئن شپ میں کھیلنے کی اہل ہونگی۔ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلیے ڈویژن سطح پر ایونٹ آرگنائزنگ کمیٹی کی تشکیل کیلیے ہدایت جاری کی ہیں۔پی ایچ ایف نے ڈویژن سطح کے ایونٹ کیلئے چند ہدایات جاری کی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ڈویژنل چمپئن شپ میں انٹر ڈسٹرکٹ کی کامیاب ٹیمیں ایونٹ میں شرکت کی اہل ہونگی۔یہ ٹیمیں 18کھلاڑیوں کے علاوہ 4 مزید کھلاڑی ٹیم میں ریزرو کھلاڑی کے طور پر شامل کرسکتیں ہیں۔آخری مرحلے کے رانڈ میں کھیلنے کیلئے منتخب ٹیم کے 22 کھلاڑیوں کے علاوہ کسی دوسرے کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرنا ممنوع ہوگا۔