کالام اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائے گا،وزیراعلیٰ کے پی کے

335

پشاور(جسارت نیوز)خیبرپختونخوا میں بین الاقوامی معیار کے کالام کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کیلیے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا گیا ہے اور بہت جلد منصوبے کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ یہ بات منگل کے روز وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت کالام کرکٹ اسٹیڈیم کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی ، ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان، ڈائریکٹر جنرل محکمہ کھیل خالد خان اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلی نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ منصوبے کا باضابطہ سنگ بنیادرکھنے کیلئے تمام تر لوازمات کو بروقت حتمی شکل دی جائے تاکہ جلد ازجلد اس منصوبے کی تعمیر پرکام شروع کیا جا سکے۔اجلا س کوکالام کرکٹ ا سٹیڈیم کے مختلف پہلووں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ341 کنال و سیع اراضی پر تمام جدید سہولیات سے آراستہ کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گاجس کا تخمینہ لاگت 2 ارب روپے سے زائد ہے، مذکور ہ کرکٹ اسٹیڈیم کا منصوبہ دوسال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا، کرکٹ اسٹیڈیم میں دیگر سہولیات کی دستیابی کے علاوہ بیک وقت چھ ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی جبکہ اس کے زیادہ تر تعمیراتی کام میں کنکریٹ کی جگہ مصنوعی لکڑی کا استعمال کیا جائے گا تاکہ کالام کے قدرتی حسن کو برقراررکھاجائے۔