تیل و گیس کی کمپنیاں متبادل توانائی پر کام کریں ، مصدق حسین

287
وزیرمملکت برائے پیٹرولیم سینیٹرمصدق ملک کو صدرکراچی چیمبر محمدادریس شیلڈ پیش کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیرمملکت برائے پیٹرولیم سینیٹرمصدق ملک نے کہا ہے کہ انڈسٹری کے بڑے مسائل کو حل کرنے میں کچھ وقت لگے گا،ہم نے ابھی تک کوئی پالیسی نہیں بنائی،ہماری کوشش ہے کہ انرجی لینڈڈ کاسٹ کو نیچے لایا جائے ،ہمارے توانائی کے ذخائر کم ہورہے ہیں،توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے درآمدہ فیولز پر انحصار بڑھ رہاہے ،درآمدی توانائی کی قیمت کا تعین عالمی سطح پر ہوتا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر چیمبر کے صدر محمدادریس اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ منصب سنبھالے ڈھائی ہفتے ہوئے ہیں، مسائل کا حل وقت طلب ہے، گیس کے انتظام کے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے ملنے کے بعد چیمبر آیا ہوں، ہماری انرجی کی لاگت کم کرنا مقصد ہے، ایندھن کی بین الاقوامی قیمتیں بڑھتی گھٹی رہتی ہیں، ہماری اولین ترجیح ہے کہ لاگت کم کرکے آپ کی مسابقت بڑھائی جائے اور پالیسی کا پائیدار حل ڈھونڈا جائے،ہم پالیسی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ مصدق ملک نے کہا کہ چیمبر آمد کا مقصد مشاورت کے عمل کو شروع کرنا ہے، حقوق اور پیداوار بڑھانا ہماری توجہ کے محور ہیں، ان مقاصد کے حل کے لیے مجھے کراچی چیمبر کی قیادت کی تجاویز چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈالر ایکسپورٹس بڑھانے سے آئیں گے، ہمیں پروڈکٹوٹی بڑھانا ہوگی،ڈالر آئیں گے تو روپے سے دباؤ کم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ جائزہ لے رہے ہیں کہ فوری طور پر گیس قلت کا انتظام کیسے کریں، کم گیس والے علاقوں کو 22 سے 23 فیصد گیس سپلائی بڑھا رہے ہیں۔