بلدیاتی انتخابات میں میدان خالی نہیں چھوڑیں گے ،غلام مصطفی پھلپوٹو

178

سکھر (نمائندہ جسارت)سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے سینئر وائس چیئرمین غلام مصطفی پھلپوٹو نے کہا ہے کہ سکھر شہر کو تباہ و برباد کرنے والے عناصروں کو بلدیاتی انتخابات میں بدترین شکست نظر آنے پر ایس ڈی اے رہنمائوں کا راستہ روکنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کی جانب سے آزاد حیثیت سے حاجی محمد جاوید میمن کا ٹائون کمیٹی مکی شاہ کی یوسی 01 اور یوسی 04 پر چیئرمین کے جمع کرائے گئے فارم پر بلاجواز اعتراضات لگا کر فارم کو رد کروادیے ہیں۔ اسی طرح ایس ڈی اے کے دیگر رہنمائوں عیدن جاگیرانی، دیدار چانڈیو کے بھی نامزدگی فارم رد کروادیے ہیں جو کہ سابقہ نمائندوں کی اور شہر کو تباہی کے دھانے پر پہنچانے والی کی بدحواسی کی واضح مثال ہے۔ ہم بلدیاتی انتخابات میں میدان کسی بھی صورت خالی نہیں چھوڑیں گے فارموں کی بحالی کیلیے معزز عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ اپنے جاری کردہ بیان میں غلام مصطفی پہلپوٹو کا کہنا تھا کہ سابقہ حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں، ان کی کارکردگی یہ ہے کہ صرف مخالفین کے فارم رد کروائے جائیں، اگر انہوں نے سکھر شہر کی، عوام کی خدمت کی ہوتی تو ایک ہی جگہ سے الیکشن میں حصہ لیتے اب وہ اپنی شکست کے خوف سے دوسے تین، تین یوسیوں میں فارم بھر کر مخالفین کے فارم رد کرواکر الیکشن جیتنا چاہتے ہیں جبکہ صرف مکی شاہ ٹائون میں ہی مخالفین کے ساتھ نہایت ہی برا سلوک کیا جارہا ہے کیونکہ سابقہ حکمرانوں نے سکھر کو تباہ و برباد کیا ہے اب ان کو عوام کے ری ایکشن کا خوف ہے۔ اس لیے ڈر کے باعث ایسے حربے استعمال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والے سابقہ نمائندوں نے بلدیاتی انتخابات میں اپنے پسند آراوز، ڈی آر اوز تعینات کرواکر اپنی مرضی کا رزلٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں، مکی شاہ ٹائون کی یوسی 1سے 6 تک کے آر او صرف اور صرف حکمران جماعتوں سے تعلق رکھنے والے امیدوار جی حضوری میں لگے ہوئے ہیں، جبکہ ان کے مد مقابلہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں پر بلاجواز اعتراضات لگا کر فارم منسوخ کرائے جا رہے ہیں ہم سابقہ نمائندوں اورآر اوز کے اس طرح کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور ان کی غنڈا گردی کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے، حکومت، الیکشن کمیشن آف پاکستان، الیکشن کمیشن آف سندھ و دیگر حکام سکھر میں آر اوز کی جانب سے کی اس طرح کے اقدامات کا نوٹس لیکر اس کی انکوائری کرائی جائے اور بلاجواز تنگ و پریشان کرنے کا سلسلہ فوری طور پر ختم کر کے سب کے ساتھ یکساں سلوک روا رکھا جائے بصورت دیگر سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس اس کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی جس کی تمام تر ذمے داری الیکشن کمیشن پر عائد ہوگی۔