یاسین ملک کوفی الفور رہا کیا جائے‘وزیر خارجہ

411

اسلام آباد‘ڈیووس(صباح نیوز+آن لائن )وزیر خارجہ بلاول زرداری نے بھارتی عدالت کے یاسین ملک کے خلاف بے بنیاد الزامات پر غلط فیصلے کی سختی سے مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ یاسین ملک مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنمائوں میں ایک نمایاں اور عزت مندانہ آواز ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول زرداری نے اپنے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ یاسین ملک کا دہائیوں سے جاری بھارتی جبر کے خلاف پختہ عزم نام نہاد انصاف پر مبنی فیصلوں سے شکستہ نہیں کیا جاسکتا، ہم یاسین ملک کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بلاول زرداری نے کہا کہ یاسین ملک کے خلاف جو بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں، انہیں ختم کیا جائے، یاسین ملک کو فی الفور رہا کیا جائے اور انہیں اجازت دی جائے کہ وہ اپنے خاندان سے مل سکیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی غیرمعمولی خلاف ورزیوں کو بند کرے۔علاوہ ازیںوزیر خارجہ بلاول زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ایڈووکیٹ اور نیدرلینڈ کی ملکہ میکسیما سے ملاقات کی ہے ۔وزیر خارجہ کی ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ملکہ میکسیما سے ہونے والی ملاقات کے موقع پر وزیر مملکت حنا ربانی کھر اور سینیٹر شیری رحمن بھی ہمراہ تھیں ۔ وزیر خارجہ بلاول زرداری اور ملکہ میکسیما کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور سمیت معاشی بحرانوں کے حل پر گفتگو کی گئی۔ دریں اثنا وزیر خارجہ بلاول زرداری کی اپنے ہم منصب فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا اولاوا ہاویستو سے بھی ملاقات ہوئی ہے ۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال خیال کیا گیا ۔