وفاقی کابینہ ،الیکشن ترمیمی بل 2022 قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری

375
اسلا م آباد: وزیراعظم شہبازشریف وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وفاقی کابینہ نے الیکشن ترامیمی بل 2022 ء قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی و سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔وفاقی کابینہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن اوورسیز کے لیے ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے پائلٹ پروجیکٹ کااجرا کرے، پائلٹ پروجیکٹ کے نتائج کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی، رپورٹ پر فیصلہ ہوگااوورسیز کے لیے ووٹنگ کا طریقہ کار قابل عمل ہے یا نہیں۔کابینہ کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین اور بائیومیٹرک تصدیق کے لیے پائلٹ پروجیکٹس کا اجراء کرے، پائلٹ پروجیکٹ کے نتائج کی رپورٹ بھی پارلیمان میں پیش کی جائے گی، رپورٹ پر فیصلہ ہوگا ووٹنگ مشین، بائیو میٹرک تصدیق کا طریقہ کار قابل عمل ہے یا نہیں۔کابینہ نے وزیراعظم کی صدرمملکت کوگورنرپنجاب تعینات کرنے کی ایڈوائس کی توثیق کی۔علاوہ ازیں جبری گمشدگیوں کے معاملے پر وزیرقانون کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری بھی دی گئی، تمام سیاسی پارٹیوں کے کابینہ اراکین شامل ہوں گے،کمیٹی تمام متعلقہ ماہرین اور اداروں سے مشاورت کرے گی۔ وزارت ریلوے کی سفارش پر ریلوے ا سٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ کمپنی REDAMCOکو بحال کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔ کابینہ میں اضافی ایجنڈا کے مطابق وزارت بحری امور کی سفارش پر کراچی پورٹ ٹرسٹ کے موجودہ چیئرمین نادرممتاز کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کو منسوخ کرنے کی منظوری دی اورڈائریکٹر جنرل پورٹس اینڈ شپنگ کوعارضی طورپر اضافی چارج تفویض کرنے کی منظوری دی۔نیا چیئرمین مسابقتی طریقہ کار کے بعد تعینات کیا جائے گا۔