عدالت عظمیٰ ،لانگ مارچ روکنے کیلئے راستوں کی بندش کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

275

اسلام آباد/لاہور (آن لائن+نمائندہ جسارت)عدالت عظمیٰ نے تحریک انصاف کے 25 مئی کو متوقع لانگ مارچ روکنے کے لیے راستوں کی بندش اور چھاپوں کے خلاف ہائیکورٹ بار کی طرف سے دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ آج بدھ 25 مئی کو کیس کی سماعت کرے گا۔ ایڈوکیٹ شعیب شاہین نے اسلام آباد ہائیکورٹ بار کی طرف سے دائر کردہ درخواست میں مؤقف اپنایا کہ راستوں کی بندش سے عدالتوں، اسپتالوں اور دفاتر جانے والے شہری مشکلات کا شکار ہیں،نقل و حرکت کی آزادی ہر شہری کا بنیادی حق ہے،وکلا کے گھروں پر پولیس چھاپے مار رہی ہے،سیاسی ورکرز اور اراکین اسمبلی کو غیر قانونی طور پر ہراساں کیا جا رہا ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عظمیٰ تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے مظاہرین اور حکومت کو عوام کی نقل و حرکت بندکرنے سے روکنے کے احکامات جاری کرے۔ درخواست میں ریاستی اداروں کو کوئی بھی غیرآئینی قدم اٹھانے سے روکے جانے کی استدعا کی گئی ہے۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن نے سیاسی کارکنان کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے سیاسی سرگرمیوں میں رکاوٹیں پیدا نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس چودھری عبدالعزیز نے لانگ مارچ میں رکاوٹوںا ور گرفتاریوں کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس سے آج (بدھ)کو رپورٹ طلب کرلی۔