یاسین ملک پر لگائے گئے من گھڑت الزامات کو فی الفور ختم  اور   رہا کیا جائے،  وزیر خارجہ 

268

اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری  نے حریت رہنما یاسین ملک کی من گھڑت الزامات پر بھارتی عدالت سے سزا کی   شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوے کہا ہے کہ   یاسین ملک بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنماؤں میں سب سے توانا آواز ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا عشروں پر محیط بھارتی جبر کے خلاف ان کے پختہ عزم کو انصاف کے فسانے سے متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے  حریت رہنما یاسین ملک کی فوری  رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا یاسین ملک پر لگائے گئے من گھڑت الزامات کو فی الفور ختم کیا جائے۔ اور  انھیں  فوری طور پر رہا کیا جائے۔ حریت رہنما کو اپنے خاندان سے ملنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا بھارت تمام سیاسی قیدیوں کو بھی رہا کرے۔ انہوں نے کہا  ہندوستان، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرے ۔ انہوں نے کہا بھارت جان لے وہ کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے نہیں روک سکتا۔

کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں نے دیا ہے۔ عالمی برادری، اقوام متحدہ، انسانی حقوق تنظیمیں کردار ادا کریں،  انہوں نے کہا عالمی برادری بھارت کو یاسین ملک کے ساتھ سنگین ناانصافی روکنے کے کیے دباؤ ڈالے، انہوں نے کہا  دنیا نے بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی اجازت دی تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔