ڈالر کی پرواز روکنے کیلیے سیاسی استحکام ضروری ہے ، محمد ندیم

357

لاہور(کامرس ڈیسک)ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی نے کہاکہ ڈالر کو کنٹرول کرنے کے لیے ملک میںسیاسی استحکام انتہائی ضروری ہے۔موجودہ سیاسی صورتحال معاشی معاملات کو مزید خراب کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک تمام جماعتیں مل بیٹھ کر معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات نہیں اٹھائیں گی تب تک ڈالر کو کنٹرول نہیں کیا جا سکتا ہے۔موجودہ صورتحال میں میثاق معیشت پر غور کرنے کی اشد ضرورت ہے۔معاشی پالیسیوں میں تسلسل کے فقدان نے بھی معاشی مشکلات کو فروغ دینے میںاہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ نہ صرف مقامی سرمایہ کاروں و تاجروںکو غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے بلکہ غیر ملکی سرمایہ کار بھی عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔محمد ند یم قریشی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں مسلسل بے لگام اضافے کی وجہ سے معیشت کو تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، روپے کی قدر مستحکم کرنے کے لیے حکومت، اسٹیٹ بینک کو فوری طور پر کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ روپے کی قدر میں بے حد کمی تشویشناک ہے، پچھلے صرف ایک ماہ میں روپے کی قدر میں تقریبا چھ فیصد کمی ہوئی جس کی بڑی وجوہات میں سیاسی غیر یقینی صورتحال، عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ ہے جو رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں 39ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ پاکستانی صنعت خام مال، پرزہ جات اور مشینری کی درآمد پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے، اس لیے روپے کی قدر میں کمی کے نتیجے میں پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے غیرضروری اور پرتعیش اشیا ء کی درآمدات کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی ممالک، بالخصوص چین کے ساتھ مقامی کرنسی میں تجارت سے ڈالر پر انحصار اور تجارتی خسارہ کم کرنے میں مدد ملے گی جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ بھی نمایاں طور پر کم ہوجائے گا۔