سب کو آزمانے کے بعد واحد آپشن جماعت اسلامی رہ گئی، حسین محنتی

366
حیدرآباد: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی حیدرآباد نظم کے ساتھ نشست، بلدیاتی انتخابات اور دیگر تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں اپنے نام ونشان پر الیکشن میں بھر پور حصہ لے گی ، کارکنان بلدیاتی الیکشن کی بھرپور تیاری کریں۔سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کی جائے۔ قوم تمام پارٹیاں اور نظام آزماچکی ہے اب جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں۔ جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی سندھ محمدحسین محنتی نے حیدرآباد دورے کے موقع پر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے نظم کے ساتھ نشست، بلدیاتی انتخابات و دیگر تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ امیر ضلع عقیل احمد خان نے صوبائی امیر کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں و حکمت عملی سے آگاہ کیا۔قیم ضلع ظہیرالدین شیخ، نائب امیر و سیاسی امور کے نگران عبدالقیوم شیخ ا ور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ عوام جماعت اسلامی کی طرف امیدبھری نظروں سے دیکھ رہی ہے سب کو آزمانے کے بعدواحد آپشن جماعت اسلامی رہ گئی ہے۔ملک کو مہنگائی و بیروزگاری سمیت مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ معاشرے کا ہر طبقہ پریشان ہے۔ تاجر، صحافی، اساتذہ اور عوام سراپا احتجاج ہیں۔جماعت اسلامی کی دیانتدار اور باصلاحیت قیادت ہی ملک کو مسائل کے دلدل سے نکال سکتی ہے۔ ذمہ داران اور کارکنان جماعت اسلامی کی دعوت وپیغام کو گھر گھر پہنچانے کے لیے مزیدتیزی کے ساتھ کام کو جاری رکھیں،پوری قوم جانتی ہے کہ جماعت اسلامی نے ہرمشکل گھڑی اور میدان میں بہترین خدمات،مثالی کردار وجدوجہد کیاہے۔