پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان

300

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پرپٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جارہا،موجودہ حالات میں قوم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی متحمل نہیں ہوسکتی،عمران خان جو دھرنا دھرنا کھیل رہے ہیں اس سے ملک کو نقصان ہوگا، عمران خان کا لانگ مارچ فرح گوگی کو بچانے کے لیے ہے، انہوں نے ہمیشہ ذاتی سیاست کو پاکستان کے مفاد پرترجیح دی ہے آج ملک میں ایندھن کا بحران عمران خان کی وجہ سے ہے،شوکت ترین بتائیں پیسے کہاں چھوڑ کرگئے ہیں،عمران خان اورشوکت ترین کے معاہدوں کا نتیجہ ہم بھگت رہے ہیں، یہ جھوٹ بولتے ہیں اور کوئی پیسہ چھوڑ کرنہیں گئے، ہرجگہ بارودی سرنگیں بچھا کرگئے ہیں، عمران خان کی وجہ سے کروڑوں افراد غربت میں گئے، سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے آئی ایم ایف سے جومعاہدے کئے اس کے تحت پٹرول کی قیمت میں 100 روپے فی لیٹراورڈیزل کی قیمت میں 150 روپے فی لیٹر بڑھانے پڑیں گے۔کراچی ائر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہاکہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے یہ وعدہ کیا تھا کہ نہ صرف ایندھن پر سبسڈی ختم کریں گے بلکہ اس پر فی لیٹر 30 روپے ٹیکس عائد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شوکت ترین کے فارمولے سے مجھے 70 روپے سبسڈی ختم کرکے 250 روپے فی لیٹر ملنے والے پیٹرول پر 17 فیصد ٹیکس عائد کرتے ہوئے اس کی قیمت میں 150 روپے اضافہ کرنا پڑے گا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ عثمان بزدار نے پنجاب میں 10 سیمنٹ کمپنیوں کو لائسنسز فروخت کیے ہیں، یہ لائسنس دو سے زیادہ نہیں ہونے چاہیے تھے کیونکہ ان میں ماحولیاتی نقصان ہوتا ہے شہباز شریف نے 10 سال میں ایک بھی لائسنس نہیں دیا اور انہوں غیر متعلقہ تعمیراتی صنعت کو لائسنسز بیچے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں جواب دیں کہ فرح گوگی اور شہزاد اکبر پاکستان کیوں نہیں آتے ہیں، آپ بار بار ایل این جی لینا کیوں بھول جاتے تھے۔انہوں نے کہاکہ میں سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ایک دن تو سچ بولیں، شوکت ترین بتادیں کہ وہ 13 ہزار ارب روپے کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ چھوڑ کر گئے ہیں، عمران خان یہ بتادیں کہ عثمان بزدار نے آپ کی اجازت سے 16 لائسنسز فروخت کیے، اور فرح گوگی کو آپ نے ٹرانسفر پوسٹنگ کی اجازت دی۔