حکومت 700 پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنان کو گرفتار کرے گی،فواد چوہدری

420

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/ صباح نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب مارچ سے قبل ہی حکومت نے پی ٹی آئی قائدین اور ورکرز سمیت 700 افراد کو گرفتار کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا آزادی مارچ پر امن ہے ‘ تشدد کی کوشش نہ کریں کیونکہ لاٹھی اور گولی سے روکا نہیں جاسکتا‘ حقیقی آزادی مارچ ہر صورت ہوگا۔ فواد چودھری نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ ہم چناب اور جہلم برج کو بند کردیں گے اور اسی لیے اٹک برج پر بہت بڑی تعداد میں کنٹینرز پہنچائے گئے ہیں لیکن لاکھوں لوگ اسلام آباد آئیں گے آپ ان کو نہیں روک سکتے‘ عمران خان 25 مئی کی صبح بڑی ریلی کی شکل میں اسلام آباد جائیں گے اور اسلام آباد پہنچنے کے بعد 3 جون کو آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ اسلام آبادآنے کی کال کے پی اور پنجاب کے لیے ہے، لانگ مارچ میں سکھر، لاڑکانہ، کراچی کے لوگ شریک ہوں گے‘ حکومت سے کہتا ہوں کہ گیدڑ بھپکیوں سے معاملہ حل نہیں ہوگا‘ اسے عقل کے ناخن لینے چاہئیں‘ اداروں نے فیصلہ کیا کہ وہ سیاست سے دور رہیں گے اور سیاسی صورتحال سیاسی پارٹیاں دیکھیں گی‘ انتظامیہ کے لوگ حکومت کے احکامات ماننے کو تیار نہیں، مجھے امید ہے وہ استعفے کو ترجیح دیںگے مگر گولیاں اور آنسو گیس کی حکمت عملی نہیں اپنائیں گے۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جب تک ملک میں سیاسی بحران حل نہیں ہوتا معاشی بحران بھی رہے گا‘ اتحادی جماعتوں کو حکومت کرنے کا مینڈیٹ حاصل نہیں‘40 دن میں جو ملک کا حشر کیا ہم آپ کو مزید حکومت نہیں کرنے دے سکتے کیونکہ اس حکومت کو دو تین ماہ حکومت کرنے دیا گیا تو یہ پاکستان کو ڈبو دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ روپیہ ڈالر کے مقابلے میں اپنی قدر کھو چکا ہے، لیکن وزیراعظم ہائوس میں نیا سوئمنگ پول تعمیر ہو رہا ہے، نیا جم بنایا جارہا ہے، عوام کو ریلیف دینے کے بجائے انہوں نے سوئمنگ پول پر خرچہ کردیا۔