ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا،تربیلا میں پانی کا ذخیرہ ختم

359

لاہور،راولپنڈی،کراچی( نمائندہ جسارات، خبر ایجنسیاں)ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا،لوڈشیڈنگ بدستور جاری ہے ۔ ملک بھر میں بجلی کی طلب 25 ہزار 500 میگا واٹ ہے جبکہ سپلائی 18 ہزار 500 میگاواٹ ہورہی۔نجی بجلی گھروں سے 9500 میگاواٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے جبکہ پن بجلی گھروں سے 1200 میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے۔ ونڈ اور سولر سسٹم سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی مل رہی ہے۔بجلی کا شارٹ فال ملک بھر میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے پورا کیا جا رہا ہے، شہری علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 8 سے 9 گھنٹے ہے جبکہ دیہی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ 12 گھنٹے تک کی جارہی ،شہریوں کو لوڈشیڈنگ کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے ،کاروبارزندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت تمام تر کوششوں کے باوجود بھی بجلی کی پیداوار کو بڑھانے میں ناکام نظر آرہی ہے۔علاوہ ازیں تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ختم جبکہ منگلا ڈیم میں صرف دو دن کا ہے۔ شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ کے بعد کاشتکاروں اور دیہی علاقوں میں رہنے والے عوام کے لیے ایک اور بری خبر یہ ہے کہ تربیلا ڈیم ڈیڈ لیول پر پہنچ چکا ہے اور دریائوں میں پانی کا بہائو کم ہو گیا۔ رواں سال 5 ماہ میں تربیلا ڈیم دوسری مرتبہ ڈیڈ لیول پر پہنچا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت گر گیا ہے اور برف پگھلنے کا عمل سست ہے، جس کے بعد تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ختم ہوچکا ہے جبکہ منگلا ڈیم بھی ڈیڈ لیول کے قریب ہے، منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ صرف ایک لاکھ ایکڑ فٹ رہ گیا، جس کا مطلب ڈیم میں پانی کا ذخیرہ صرف دو دن کا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد 68 ہزار کیوسک اور اخراج 78 ہزار کیوسک ہے، دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر پانی کی آمد 32 ہزار کیوسک، اخراج 34 ہزار کیوسک ہے اور آئندہ 48 گھنٹوں میں پانی کا بحران مذید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔دریں اثناء کئی روزہ معتدل موسم رہنے کے بعد پیر کو کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،محکمہ موسمیات کے مطابق پیر 23 مئی کوکراچی میں دن بھرموسم گرم ومرطوب رہا۔ ہوا میں نمی کاتناسب 42فیصد تک بڑھنے کے سبب درجہ حرارت اصل سے کئی ڈگری زیادہ محسوس ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔شہریوں کا کہنا تھا کہ کراچی میں درجہ حرارت 42 ڈگری محسوس کیا گیا۔ علاوہ ازیں کراچی میں پیرکے روز شدید گرمی کے باعث کے الیکٹرک نے کراچی کے ضلع کورنگی،کیماڑی،ملیر،ضلع غربی میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کردیا اورمذکورہ اضلاع کے کئی علاقوں میں مسلسل تین سے چارگھنٹے بجلی کی سپلائی معطل رہی۔ صارفین کا کہنا ہے کہ دن ،رات کو مختلف اوقات میں ہرتین گھنٹے بعد 2،2 گھنٹے بجلی بند کی جارہی ہے اورنصف شب کے بعد بجلی بند کرنے کا سلسلہ تاحال برقرارہے۔دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے ضلع موہنجودڑو میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔بدین 40.5، حیدرآباد44.6، جیکب آباد 47، کراچی 39.1، لاڑکانہ46.5، مٹھی 42، شہید بے نظیرآباد 47.5، پڈعیدن 46.5، روہڑی 46، سکھر 44.5، موہنجودڑو48، ٹھٹھہ 35.5، دادو 48، میرپور خاص 41.5، ٹنڈوجام 41.5،سکرنڈ 45.5، خیرپور 46.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔قبل ازیں صوبائی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سندھ میں گرمی کی شدت میں کمی کے باوجود ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا ہے۔محکمہ موسمیات نے سندھ کے مختلف علاقوں میں گرمی میں 4 سے پانچ درجہ کمی کا امکان ظاہر کیا ہے لیکن ہیٹ ویو کا خدشہ بدستور برقرار رہے گا، وسطی اور بالائی سندھ میں 24 مئی سے ہیٹ ویو کے خدشہ کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات نے دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ ،سکھر ، خیرپور ، شہید بے نظیر آباد اور دیگر اضلا ع میں پارہ 45 سے 47 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیاہے،زیریں سندھ ، حیدرآباد ، میرپور خاص، بدین ، عمر کوٹ اور ٹھٹہ ڈسٹرکٹس میں درجہ حرارت 42 سے 44 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے، کراچی کا درجہ حرارت 38 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔