لانگ مارچ سے نمٹنے کی تیاری ڈی چوک سیل،پنجاب کی جیلوں کو صاف کرنیکی ہدایت

426

اسلام آباد(نمائندہ جسارت+صباح نیوز) حکومت نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے دیگر صوبوں سے پولیس ایف سی اور رینجرز طلب کرلی جب کہ کنٹینر لگا کر ڈی چوک کو سیل کردیا۔وفاقی حکومت نے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے ہر پہلو سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔وزارت داخلہ نے وفاقی پولیس اور انتظامیہ کو اقدامات مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتشار پھیلانے والے لانگ مارچ کے شرکاء سے سختی سے پیش آیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے حکومت نے دیگر صوبوں سے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی ہے، پولیس کے ساتھ ساتھ ایف سی اور رینجرز بھی طلب کی جا رہی ہے۔مختلف صوبوں سے قیدیوں کی 100وینز بھی منگوالی گئی ہیں۔واٹر کینن اور لاٹھیاں بھی تیار کرلی گئی ہیں۔25 مئی کے لانگ مارچ سے قبل پولیس کی بھاری نفری بھی اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی جیلوں کو صاف کرانے اورسیاسی شخصیات کو الگ سیل میں رکھنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ میں اجلاس ہوا اور اس معاملے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے تمام داخلی راستے بند کردیے جائیں گے، ریڈزون کی سیکورٹی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے ہوگی۔دوسری جانب تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ممکنہ گرفتاریوں اور راستوں کی بندش کے خلاف درخواست دائر کر دی جسے سماعت کے لیے مقرر کرلیا گیا۔پی ٹی آئی کی جانب سے عامر محمود کیانی نے لانگ مارچ میں رکاٹوں کے خلاف درخواست دائر کی ہے جس میں چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔