امریکا نے کئی پاکستانی حکومتوں کو تبدیل کیا ،اس لئے لوگ اس کے خلاف ہیں،عمران خان

214
پشاور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان صدر بازار کا دورہ کررہے ہیں

اسلام آباد (آئی این پی+آن لائن)سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان میں کئی حکومتوں کو تبدیل کیا ،اس لیے لوگوں میں اس کے خلاف جذبات موجود ہیں۔ پیر کو امریکی ٹی وی سی این این کو وڈیو لنک کے ذریعے انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ امریکا نائب وزیر خارجہ برائے وسط اور جنوبی ایشیا ڈونلڈ لو کو عہدے سے ہٹائے ،اس نے پاکستان کے سفیر کو بلا کر دھمکیاں دیں ،سفیر کو کہا گیا کہ عدم اعتمادآرہی ہے وزیراعظم کو ہٹائیں، عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو سب معاف کر دیا جائے گا، امریکی نائب وزیرخارجہ کی بات پاکستان میں کھلی مداخلت تھی ۔عمران خان نے کہا کہ دورہ روس تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بہت پہلے طے تھا،کسی کو بھی نہیں پتا تھا کہ پیوٹن یوکرین پر حملہ کردیں گے، میرے دورہ روس کو اینٹی امریکا تاثر دیا گیا، روس سے ہمیں فوجی ساز و سامان خریدنا تھا، ہم نے روس سے سستی گندم اور سستے تیل کے لیے بات کی، دورہ روس سے متعلق ہماری قیادت آن بورڈ تھی ۔عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈحکومت کے آنے سے عوام کی توہین ہوئی، اس حکومت میں جرائم پیشہ افراد کا گروپ بٹھا دیا ہے، الیکشن ہوئے تو پی ٹی آئی پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔مزید برآں چیئرمین پی ٹی ٓئی عمران خان اچانک پشار مین صدر بازار پہنچ گئے اورعوام میں گھل مل گئے۔ عمران خان کو دیکھ کر بازار میں لوگوں کا رش لگ گیا۔ لوگوں نے عمران خان کے ساتھ سیلفیاں بنائیں۔ لوگوں نے امپورٹڈ حکومت نا منظور کے نعرے لگائے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور دیگر پارٹی قائدین بھی عمران خان کے ساتھ تھے۔ عمران خان کئی دنوں سے پشاور میں مقیم ہیں۔