ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان

156

لاہور: ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لئے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔ یہ میچز 8، 10 اور 12 جون کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

اعلان کردہ اسکواڈ میں تین اوپنرز، تین مڈل آرڈر بیٹرز، دو وکٹ کیپرز، تین اسپنرز اور پانچ فاسٹ بالرز شامل ہیں۔بابراعظم (کپتان)، شاداب خان(نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رئوف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث(وکٹ کیپر بیٹر) محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر بیٹر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دہانی اور زاہد محمود۔

چونکہ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز مینیجڈ انوائرنمنٹ میں نہیں کھیلی جانی، لہذا قومی سلیکٹرز نے آسٹریلیا کے خلاف اعلان کردہ 21 رکنی اسکواڈ کو کم کرکے 16 کھلاڑیوں تک محدود کردیا ہے۔

آصف علی، حیدر علی، عثمان قادر اور آصف آفریدی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا جبکہ سعود شکیل سائنوسائٹس سرجری کے باعث سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھے۔انجری سے صحتیاب ہونے پر قومی وائیٹ بال کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

سیریز کے تربیتی کیمپ کے لیے قومی اسکواڈ یکم جون کو راولپنڈی میں رپورٹ کرے گا۔ انگلش کائونٹی کرکٹ میں مصروف وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، حسن علی، شاداب خان اور حارث رف بھی مقررہ وقت پر وطن واپس پہنچ جائیں گے۔